لاہور کی قومی احتساب عدالت نے کرپشن کے ایک اور کیس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور ان کے شوہر عمران یوسف کو اشتہاری قرار دے دیا۔
عدالت نے نیب کو ان کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے ضبط کرنے کا اختیار بھی دیا ہے۔صاف پانی کمپنی کیس میں اس جوڑے کو پہلے ہی اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔
بدھ کو عدالت نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر سرکاری اداروں میں کرپشن کیس کی سماعت کی۔جج نے کہا کہ انہوں نے جوڑے کو آخری 30 دن کی مہلت دیتے ہوئے عدالت میں پیش ہونے کی اجازت دی تھی لیکن دونوں ملزمان اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔
شہباز شریف کے داماد اور بیٹی پر کک بیکس لینے اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
نیب نے پہلے ہی اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو خطوط بھیج کر اور علی عمران اور رابعہ عمران کے نام پر ریکارڈ طلب کرکے پاکستان میں ان کے اثاثے ضبط کرنے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
یہ خطوط ستمبر 2021 میں صاف پانی کمپنی کیس میں رابعہ اور عمران کو عدالتوں کو مطلوب قرار دیئے جانے کے بعد بھیجے گئے تھے۔