باجوڑ: ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں راگھن ڈیم کی سیکیورٹی پر تعینات دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حوالدار حیات اور سپاہی سراج کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مشتبہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بم ڈیم کے قریب نصب کیا گیا تھا۔
9 نومبر کو، پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ضلع خضدار کے علاقے سارونہ میں ایک کارروائی کے دوران دو مشتبہ دہشت گردوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق دہشت گرد کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ کے رکن تھے۔
ان کے قبضے سے دو نائن ایم ایم پستول، دو ہینڈ گرنیڈ، ایک موٹر سائیکل، چار میگزین اور 34 لائیو راؤنڈ برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس نے سی ٹی ڈی خضدار تھانے میں مقدمہ درج کرکے دہشت گردوں کے گروہ کے خلاف تفتیش شروع کردی۔
پانچ 5 نومبر کو سندھ پولیس کے سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ایک مطلوب شوٹر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
معراج عرف چھوٹو کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی نے شہر میں سرچ آپریشن کے دوران اسے گرفتار کیا۔